حماس کے حملے میں 9 امریکی، 18 تھائی اور ارجنٹائن کے 7 شہری بھی ہلاک
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) حماس کے ہفتے کو اسرائیل پر حملے میں اسرائیلی شہریوں کے ساتھ 9 امریکی، 18 تھائی اور ارجنٹائن کے 7 شہری بھی مارے گئے جب کہ درجن سے زائد لاپتا ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 900 سے تجاوز ہوگئی جب کہ درجنوں کو یرغمال بنالیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں کی جو تفصیلات سامنے آرہی ہے اس نے پوری دنیا کو چونکا دیا۔حماس کے حملے کے دن ہی امریکا سمیت کئی ممالک نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شہری اسرائیل میں پھنس گئے جن سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ امریکی شہریوں کا ایک بڑا گروپ فیسٹیول میں شرکت کے لیے اسرائیل گیا تھا۔اب تک کی دستیاب معلومات کے مطابق امریکا کے 9 شہری اسرائیل میں حماس کے حملے میں مارے گئے جب کہ درجن سے زائد لاپتا ہیں۔ اسی طرح برطانوی شہریوں کی بڑی تعداد بھی تعداد لاپتا ہے۔تھائی لینڈ کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ اس کے 18 شہری اسرائیل میں مارے گئے جب کہ متعدد لاپتا ہیں جن کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ادھر ارجنٹائین کی وزارت داخلہ نے بھی اپنے 7 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 15 شہری لاپتا ہے جنھیں مبینہ طور پر حماس نے یرغمال بنالیا ہے۔