3D پرنٹنگ تکنیک سے دماغی چوٹوں کے علاج میں پیشرفت
انگلینڈ: محققین نے انجینیئرنگ کی مدد سے ایک ٹشو تیار کیا ہے جو 3D پرنٹنگ خام خلیوں (stem cells) کے ذریعے دماغی چوٹوں کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ 3d پرنٹنگ تکنیک ایک دن ان لوگوں کے لئے موزوں علاج فراہم کرسکتی ہے جو دماغی چوٹوں کا شکار ہیں۔ محققین نے پہلی بار دماغی خلیات کی 3D پرنٹنگ کو ممکن بنایا ہے جس سے دماغ کی بنیادی تعمیر کی نقل کی جاسکتی ہے۔ تحقیق کے نتائج جریدے ’نیچر کمیونیکیشنز‘ میں شائع ہوئے ہیں۔دماغی چوٹیں بشمول صدمے، فالج اور دماغی ٹیومر کی سرجری کی وجہ سے عام طور پر دماغ کی بیرونی تہہ کو نمایاں نقصان پہنچتا ہے جس کے نتیجے میں ادراک، حرکت اور بات چیت کی صلاحیتوں میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر ہر سال دنیا بھر میں تقریباً 70 ملین افراد دماغی چوٹ (TBI) کا شکار ہوتے ہیں، ان میں سے 5 ملین کیسز شدید یا جان لیوا ہوتے ہیں۔ فی الحال دماغ کی شدید چوٹوں کا کوئی مؤثر علاج دستیاب نہیں ہے۔بافتوں کی تخلیق نو کے علاج، خاص طور پر وہ جن میں مریضوں کو ان کے اپنے سٹیم سیلز سے حاصل کردہ امپلانٹس دیے جاتے ہیں، مستقبل میں دماغی چوٹوں کے علاج کے لیے ایک امید افزا راستہ ہو سکتا ہے۔
تاہم دوسری جانب ابھی تک اس بات کو یقینی بنانے کا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ امپلانٹ شدہ اسٹیم سیل دماغ کی بنیادی تعمیر کی نقل کتنے جامعد انداز سے کرتے ہیں۔