چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس میں 33ترجیحی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ
لاہور(بیورورپورٹ)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں جمعرات کے روزمنعقد اجلاس میں 33ترجیحی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ان منصوبوں میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اجلاس کو سپیشلائزڈ ہیلتھ کی 10،ہاؤسنگ کی6، مواصلات و تعمیرات کی 6،اوقاف کی 4،پی آئی ٹی بی کی3،جنگلات اور تعلیم کے محکموں کی دو دو سکیموں بارے پیش رفت سے آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری نے سروسز، میو، گنگا رام، نشتر2ملتان کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سیٹیز منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ا نہوں نے حکم دیا کہ اربن ڈویلمپنٹ کے حوالے سے ماڈل تیار کیا جائے اور تعمیراتی کام کو سٹینڈرڈائز کرنے کیلئے باقاعدہ ایس او پیز جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے وقت گرین بیلٹس کیلئے مناسب جگہ لازمی مختص کی جانی چاہئے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بر وقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں میں معیار کیساتھ ساتھ شفافیت کو یقینی بنا یا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹائم لائنز پر ہر صورت عمل کیا جائے، تاخیر کی صورت میں متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 10سڑکوں پر ایکسل لوڈ منیجمنٹ پر عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ قوانین پر عمل نہ ہونے سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ خزانہ، پی اینڈ ڈی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔