ورلڈکپ؛ 1 لاکھ 25 ہزار شائقین بھی پاکستان ٹیم کے مخالف رہے
لاہور(بیورورپورٹ) بھارت سے میچ میں سوا لاکھ شائقین بھی پاکستان ٹیم کے مخالف رہے جب کہ اسٹیڈیم میں نیلا رنگ چھایا رہا۔احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج مقابلہ دیکھنے کیلیے سوا لاکھ افراد آئے،البتہ ان میں شاید ہی کوئی گرین شرٹس کا حامی ہو، بیٹنگ کے دوران پاکستانی کرکٹرز جب کوئی چوکا،چھکا لگاتے تو خاموشی چھا جاتی البتہ میزبان سائیڈ کے وکٹ لینے یا بیٹر کے باؤنڈری لگانے پر اتنا شور مچتا کہ کچھ اور سنائی نہ دیتا۔میچ شروع ہونے سے قبل رنگارنگ تقریب ہوئی، نامور گلوکار ارجیت سنگھ، مہادیو شنکر و دیگرنے آواز کا جادو جگایا، اس تقریب کو ٹی وی ناظرین کیلیے نشر نہیں کیا گیا، اس عجیب وغریب فیصلے پر نہ صرف بھارتی بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا،یہاں تک صارفین ایک دوسرے کو بائیکاٹ کا مشورہ بھی دیتے رہے۔میچ کے اننگز بریک میں بھی میوزک کا تڑکا لگایا گیا اور نیہا ککڑ نے پرفارم کیا، سوا لاکھ سے زائد تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے اسٹیڈیم میں بھارتی ٹیم کی کٹ کا نیلا رنگ چھایا رہا، مسلسل نعرے بازی کرتے ہوئے شائقین میزبان ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔بھارتی اننگز شروع ہونے پر زیادہ ہی گرمجوشی دیکھنے میں آئی، میچ کیلیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے،انٹری پوائنٹس پر غیر معمولی رش کی وجہ سے کئی تماشائی اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے سے محروم رہ گئے،جعلی ٹکٹیں فروخت کرنے والے کئی افراد بھی دھر لیے گئے۔