نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کی ملاقات
اسلام آباد (بیوروپورٹ)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کی ملاقات۔ملاقات میں آئندہ انتخابات، وفاقی و صوبائی محکموں کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون، صحافیوں کی فلاح و بہبود سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال۔خیبر پختونخوا کے انفارمیشن افسران کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں تربیت کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ملازمین و افسران کو جدید میڈیا کے استعمال اور چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کے بارے میں تربیت کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے،وزارت اطلاعات کا دائرہ کار جدید دور میں وسیع ہو چکا ہے، مقابلے کے اس دور میں ہمیں جدید انفارمیشن سسٹم پر مکمل دسترس حاصل کرنا ہوگی، وزارت اطلاعات و نشریات خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، اپنے مینڈیٹ کے مطابق تمام صوبوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ماحول کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے،نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرے، الیکشن کمیشن کو انتخابی مشق کے انعقاد میں مدد فراہم کرنا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، خیبر پختونخوا میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ رولز اہمیت کے حامل ہیں، صحافی مشکل حالات میں فرائض انجام دیتے ہیں،۔خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے، خیبر پختونخوا کی نگران حکومت انتخابات کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، خوشگوار اور پرامن ماحول میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے، خیبرپختونخوا نگران حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔