نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی بیجنگ میں ملاقات
اسلام آباد(بیوروپورٹ)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور صدر رانیل وکرما سنگھے نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین موجود مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے عوام کی آپسی ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا.وزیرِ اعظم نے خطے کے وسیع تر مفاد میں غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا. وزیرِ اعظم نے امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر زور دیا. پاکستان اور سری لنکا کو درپیش ایک جیسے معاشی چیلینجز کے حوالے سے دونوں راہنماؤں نے اس موضوع پر بھی گفتگو کی. انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے حکام اس حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گے جس میں خسارے کا شکار سرکاری اداوں (SOEs) کی نجکاری سر فہرست ہے. سری لنکا کے صدر نے وزیرِ اعظم کا پاکستانی حکومت و عوام کی جانب سے سری لنکا کی عوام کیلئے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا. دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین موجود دیرینہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا. ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں نے غزہ میں فلسطینیوں کو اسرائیلی حملوں کی وجہ سے درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا. انہوں نے فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے، غزہ میں محصور لوگوں تک انسانی مدد پہنچانے کیلئے راہداری کے قیام اور دو ریاستی حل جس کے تحت 1967 میں تفویض کردہ سرحدوں کے ساتھ ایک فلسطینی ریاست جس کا دارلخلافہ القدس شریف ہو، کے قیام کا مطالبہ کیا.