بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری نوجوان شہید
سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو گرفتاری کے چند گھںٹوں بعد بیدردی سے ماورائے عدالت قتل کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا کے علاقے اُڑی میں قابض بھارتی فوج اور بارڈر سیکیورٹی فورس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔گھر گھر تلاشی کے دوران قابض بھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے لیا جن کی چند گھنٹوں بعد تشدد زدہ اور گولی لگی لاشیں برآمد ہوئیں۔بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے اور سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ کررہے تھے۔قابض بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہدا کی لاشیں اہل خانہ کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کو دیدیں۔ والدین اپنے جگر کے ٹکڑوں کی لاشوں کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔علاقہ مکینوں نے شہید نوجوانوں کے لواحقین کے ہمراہ احتجاج کیا اور قابض بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے نعرے بھی بلند کرتے رہے۔