پرویز الہیٰ ایک بار پھر اینٹی کرپشن حکام لاہور کے حوالے

راولپنڈی(بیورورپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پرویز الہی کو اینٹی کرپشن لاہور کے حوالے کرنے کی درخواست منظور کرلی، اینٹی کرپشن کی ٹیم انہیں لے کر اڈیالہ جیل سے لاہور روانہ ہوگئی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں اینٹی کرپشن لاہور کی جانب سے پرویز الہیٰ کو تفتیش کے لیے حوالے کرنے کی درخواست دائر کی گئی، پرویز الہٰی کو راہداری ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، اینٹی کرپشن حکام نے عدالت سے پرویز الہی کا راہداری ریمانڈ مانگا۔جج ابو الحسنات ذولقرنین نے درخواست منظور کرتے ہوئے پرویز الٰہی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دیا جس کے بعد اینٹی کرپشن کی ٹیم پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل سے لے کر روانہ ہوگئی۔قبل ازیں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی حوالگی کے معاملے پر سول عدالت میں دائر درخواست کی سماعت ہوئی ۔ سول عدالت نے انہیں اینٹی کرپشن لاہور کے حوالے کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سابق وزیراعلیٰ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے زیر حراست ہیں، وہاں رجوع کیا جائے۔واضح رہے کہ اینٹی کرپشن لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی حوالگی اور ایک دن کے راہ داری ریمانڈ کی درخواست دائر کی تھی۔بعدازاں اینٹی کرپشن ٹیم لاہور، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی، جہاں پرویز الٰہی کی حوالگی کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دی۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept