وزیرستان میں بم دھماکے میں پاک فوج کے دو جوان شہید
پشاور(بیورورپورٹ) خیبرپختونخوا میں دو واقعات میں پاک فوج کے دو جوان شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ دو دہشت گرد زخمی ہوئے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔ان دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ دہشت گرد علاقے میں سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ۔ایک اور واقعے میں، جنوبی وزیرستان کے ضلع سرویکائی کے عام علاقے میں ایک دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا۔دھماکے کے نتیجے میں دو بہادر سپاہی؛ سپاہی بنارس خان اور سپاہی عبدالکریم شہید ہو گئے۔علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہناہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔