افغان خاندان کا انخلا کے نوٹس کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

اسلام آباد(بورورپورٹ)افغان خاندان نے پاکستان سے انخلا کے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے حکومتی ڈیڈ لائن  کے معاملے پر جہلم کے رہائشی افغان خاندان نے اداروں کی طرف سے دیے گئے انخلا کے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کے روبرو درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت پاکستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس جانے کا کہا گیا ہے جب کہ  درخواست گزار اور اس کی اہلیہ کے پاس مہاجر کارڈ موجود ہے۔ درخواست گزار کے 3 بچے کم عمر اور اسکول میں زیر تعلیم ہیں ۔درخواست میں بتایا گیا کہ 23 اکتوبر کو وزارت داخلہ کے اہل کاروں نے ہماری رہائش گاہ پر آکر افغانستان واپس جانے کا کہا۔ درخواست گزار نے وزارت داخلہ اور سیفران کو معاملے پر درخواست دی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اداروں کی طرف سے ہراساں کیے جانے کے عمل کو روکا جائے  اور ہمیں سنے بغیر اداروں کو کوئی سخت ایکشن لینے سے روکا جائے ۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا  اور سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے غیر ملکیوں کو ملک سے جانے کے لیے دی گئی مہلت کا آج آخری دن ہے، جس کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کیا جائے گا۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept