بھارت ابھی سے چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے منتقل کرنے کا شوشہ چھوڑنے لگا
کراچی(بیورورپورٹ)بھارت ابھی سے چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے منتقل کرنے کا شوشہ چھوڑنے لگا۔رواں برس بھارت نے اپنی ٹیم ایشیا کپ کیلیے بھیجنے سے صاف انکار کردیا تھا، جس پر پی سی بی نے نام نہاد ہائبرڈ ماڈل کے تحت 4 میچز کی میزبانی حاصل کی، جس کی وجہ سے گرین شرٹس اپنے ملک اور سری لنکا کے درمیان گھن چکر بنے رہے۔ بھارتی ٹیم نے تمام میچز سری لنکا میں کھیل کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جواب میں اپنی ٹیم ورلڈکپ کیلیے بھارت نہ بھیجنے کی دھمکی تو دی مگر اس پر قائم نہ رہ سکا اور وسیع تر مفاد والا پرانا راگ الاپ کر ٹیم بھارت بھیج دی۔اب پاکستان کو 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے، بھارتی میڈیا نے ابھی سے ہی یہ شوشا چھوڑ دیا کہ حکومت اور بی سی سی آئی ٹیم کو نہیں بھیجے گی، اس کے ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ آئی سی سی اس ایونٹ کیلیے نیوٹرل وینیو کا انتخاب کرے، اس صورت میں سری لنکا اور متحدہ عرب امارات میں سے کسی ایک ملک میں یہ ٹورنامنٹ منعقد ہوسکتا ہے۔