ویزا نے ایچ بی ایل کے اشتراک سے ’’شی از نیکسٹ‘‘ پروگرام کا آغاز کر دیا
کراچی(بیورورپورٹ) ڈیجیٹل ادائیگیوں کے عالمی پلیٹ فارم ویزا نے ایچ بی ایل کے اشتراک سے پاکستان میں کاروباری خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے ’’شی از نیکسٹ‘‘ پروگرام کا آغاز کر دیا۔اس پروگرام کے تحت کاروبار کرنے والی پاکستانی خواتین کو 50,000 امریکی ڈالر مالیت کی گرانٹس، خاص طور سے تیار کردہ ایک تربیتی پروگرام،نیٹ ورکنگ تک رسائی اور سیکھنے کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔شی از نیکسٹ پروگرام کے بارے میں ویزا کے کنٹری مینجر پاکستان ،عمر ایس خان نے کہا کہ” پاکستان میں کاروبار کرنے والی خواتین SME سیکٹر کا چھوٹا سا حصہ ہیں، جنھیں سرمائے تک محدود رسائی اورسرپرستی کے فقدان جیسی غیرمعمولی مشکلات درپیش ہیں اور وہ صنفی دقیانوسی خدشات کا سامنا کر رہی ہیں۔ ایچ بی ایل کے کنزیومر، ایگریکلچر اور SME بینکنگ کے ہیڈ،عامر قریشی نے کہا کہ ”ایچ بی ایل مالیاتی ہمہ گیری کی مدد کرتے ہوئے معیشت میں خواتین کی شرکت کو بڑھانے کے لیے پر عزم ہے۔ویزا کے اس پروگرام سے استفادہ کی خواہش مند پاکستان میں تمام صنعتوں اور شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین فی کس 10,000 امریکی ڈالر کی گرانٹ حاصل کرنے والی پانچ خواتین میں شامل ہونے کا موقع حاصل کرنے کے لیے آج سے She’s Next ویب سائیٹ پر درخواست دے سکتی ہیں۔