سندھ؛ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل شروع

کراچی(بیورورپورٹ)کراچی سمیت صوبہ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا۔ صوبہ سندھ میں آج ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا جب کہ پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔شہر قائد میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی 9 نشستوں پر پولنگ ہوگی، 9 نشستوں پر پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی سمیت 54 امیدوار میدان میں ہیں۔ ضمنی انتخاب والے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 686 ہے۔ 1 لاکھ 12 ہزار 271 مرد اور 94 ہزار 415 خواتین ووٹرز ہیں۔شہر قائد میں 121 پولنگ میں سے تمام کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے،  ضلع ملیر کے گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 7 کے چیئرمین، وائس چیئرمین کا انتخاب ہوگا، گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 1 وارڈ 4 کے جنرل ممبر اور یو سی 2 وارڈ 3 کے جنرل ممبر کے لیے الیکشن ہوگا۔ضلع شرقی کے جناح ٹاؤن کی یو سی 6 کے جنرل ممبر کے لیے پولنگ ہوگی، ضلع کیماڑی کے ماڑی پور ٹاؤن کی یو سی 3 کے چیئرمین کے لیے ضمنی انتخاب ہوگا، ضلع وسطی میں ناظم آباد ٹاؤن کی یو سی 5 وارڈ 3 کے جنرل ممبر کے لیے پولنگ ہوگی، ضلع جنوبی کے صدر ٹاؤن کی یو سی 6 کے وائس چیئرمین کا الیکشن ہوگا، صدر ٹاؤن کی یو سی 12 کے وائس چیئرمین اور یو سی 13 کے چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔مزید یہ کہ میئر کراچی نے 3 یونین کمیٹیوں سے چیئرمین کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، مرتضی وہاب ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یو سی 7 سے چیئرمین کے عہدے پر بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ میئر کراچی نے ماڑی پور ٹاؤن کی یو سی 3 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، میئر کراچی صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے چیئرمین کے لیے انتخابی میدان میں موجود ہیں جب کہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 7 سے چیئرمین کے لیے الیکشن لڑیں گے۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept