ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا

راو لپنڈی / لاہور(بیورورپورٹ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک کے تمام بڑے شہروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کمی نہ آسکی۔راولپنڈی میں مہنگائی کی شدید لہر کے اثرات اتوار بازار تک بھی پہنچ گئے ہیں۔ اتوار بازار میں ادرک 600، پیاز 120، آلو 120 اور ٹماٹر 200روپے، بھنڈی 130 اور گوبھی 150 روپے فی کلو فرخت ہو رہے ہیں۔لہسن 400 روپے، کریلا 130روپے کلو اور سبز مرچ 100 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔اتوار بازار خریداری کے لیے آنے والوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت کم ہوئی مگر اوپن مارکیٹ میں مہنگائی میں کمی نہ آسکی۔اتوار بازار میں پھلوں کے ریٹ بھی کم نہیں تھے۔ سیب 250 روپے کلو ملا تو انار 250 روپے کلو اور انگور 200 سے 350 روپے کلو میں دستیاب تھا۔ اگر فروٹ کا معیار ٹھیک نہیں تھا تو اس کی قیمت میں بھی اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں کلو پر بیس سے تیس روپے کلو کم ریٹ ضرور تھا۔لاہور میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مہنگائی اور گراں فروشی سے شہریوں میں پریشانی بڑھ گئی۔آلو دوم 95 روپے کے بجائے 125 روپے کلو میں بکنے لگا، پیاز دوم قیمت 105 کے بجائے 130 روپے کلو، ٹماٹر 155 کے بجائے 200روپے کلو، لہسن دیسی 330 کے بجائے 500 روپے کلو فروخت ہونے لگا۔ادرک چائنا 605 روپے کے بجائے 800 روپے کلو، شملہ مرچ 105 کے بجائے 150روپے کلو، مٹر 310 کے بجائے 450 سے 500 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ میتھی 120 کے بجائے 170 روپے جبکہ دیسی گاجر 50 روپے کے بجائے 100 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ڈی سی رافعہ حیدر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، شہر میں گراں فروشی کسی طور پر قابل قبول نہیں۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept