ن لیگی سینیٹر کا پی ٹی آئی سینیٹرز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

 اسلام آباد(بیورورپورٹ)مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر سعدیہ عباسی نے پی ٹی آئی سینیٹرز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ پرویز الہیٰ نے ایسا کیا کیا جو انہیں بیس بار گرفتار کیا گیا ان کا نام گنیز بک میں آنا چاہیے۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ن لیگ کی سینیٹر سعدیہ عباسی نے اظہار خیال کیا کہ اپنے اخراجات کو کم کر کے پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے، تمام وزارتوں سے تفصیلات حاصل کی جائیں اور اس پر بحث کی جائے، بتایا جائے کہ وزارتوں اور ماتحت اداروں کے حکام کیا تنخواہیں اور مراعات لے رہے ہیں۔سعدیہ عباسی نے کہا کہ قومی اقتصادیات میں ان کا کیا کردار ہے ہم بتائیں گے، وہ قومی خزانے پر بوجھ ہیں، ہم بتائیں گے کہ کیا خامیاں ہیں اور کیا اصلاحات ہونی چاہئیں۔چیئرمین سینیٹ نے حکومت کو وزارتوں سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کردی۔سینیٹر سعدیہ عباسی نے مزید کہا کہ پروڈکشن آف پارلیمنٹرین سے متلعق ایک بل پاس ہوا تھا، شبلی فراز فیصل جاوید اور دیگر سینیٹرز جو زیر حراست ہیں انہیں ایوان میں آنا چاہیے، میرا ضمیر کہتا ہے میں ان کے لیے آواز اٹھاؤں، ان لوگوں کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ ان شخصیات کو ضمانت ملنا اور ایوان میں آکر بات کرنا ان کا آئینی حق ہے، وہ عوام کے منتخب نمائندے ہیں ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے، اس ایوان سے گزارش ہے کہ ان افراد کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔سعدیہ عباسی نے کہا کہ پرویز الہی کا نام گینیز بک آف ریکارڈ میں لکھا جائے کیوں کہ انہیں 20 بار گرفتار کیا گیا، ہر بار نئے کیس میں گرفتار کرلیے جاتے ہیں، بتایا جائے انہوں نے کون سا ایسا جرم کیا ہے جس کے تحت ان کے ساتھ یہ سلوک کیا جا رہا ہے، ان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ ان کو بار بار جیل میں ڈالا جائے۔سعدیہ عباسی نے کہا کہ ان کے والد نے پاکستان کے لیے جان دی، ضمانت ملنا انسانی حقوق کا معاملہ ہے انہیں ضمانت ملنی چاہیے، میں اس ہاؤس میں خواتین کی ریزور سیٹ پر آئی ہوں میں ان کے لیے آواز اٹھاؤں گی، زیر حراست خواتین کو آٹھ ماہ ہو چکے ہیں ابھی تک قید میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ  ہمارے ساتھ ہونے والے سلوک اور زیادتیاں یاد ہیں اس لیے ہم یہ تکلیف محسوس کرسکتے ہیں، کیا پرویز الہی سیاسی جماعت کو چھوڑنے کا اعلان کریں تو سب ٹھیک ہو جائے گا؟ ہمارے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ظلم و زیادتی نہیں کرنی، جو بداخلاقیاں ہمارے ساتھ ہوئیں میں بیان بھی نہیں کرنا چاہتی۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept