ڈی آئی خان؛ آئل اینڈ گیس کمپنی کے دفتر پر حملہ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق
ڈی آئی خان(بیورورپورٹ)آئل اینڈ گیس کمپنی کے دفتر پر نامعلوم دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہل کار جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے درازندہ کے علاقے میں آئل اینڈ گیس کمپنی کے دفتر کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا ، جس میں 2 پولیس اہل کار جاں بحق ہو گئے، جن میں عارف اور رحمت علی شامل ہیں جب کہ زخمی اہل کاروں میں اے ایس آئی عالم شیر، فضل شاہ اور عطا الرحمن شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔زخمیوں میں سے ایک اہل کار حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کے مطابق حملہ الحاج آئل اینڈ گیس پرائیویٹ ڈرلنگ کمپنی پر ہوا، جہاں کمپنی کیمپ پر پولیس نفری تعینات تھی، جسے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی مزید نفری جائے وقوع پر پہنچی، جس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔