نگران حکومت نے مزید چار ماہ کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں:کمشنرسرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی
سرگودھا (نسیم کھیڑا سے)کمشنرسرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے سرگودہا سے سالم تک زیر تعمیر دورویہ سڑک کی ایک سائیڈ 30نومبر تک ہر صورت میں مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھولنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے سرگودہا فیصل آباد بائی پاس سے جھال چکیاں براستہ لاہور روڈ تک زیر تعمیر بائی پاس بھی 31دسمبر تک مکمل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اس کا افتتاح کریں گے ۔ یہ احکامات انہوں نے محکمہ ہائی ویز کی جاری سکیموں پر اب تک کی پیش رفت کے بارے منعقدہ اجلاس میں جاری کئے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن کے علاوہ ہائی ویز سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کو بتایاگیا کہ سرگو دہا سے سالم تک 47 کلو میٹر زیر تعمیر سڑک کا اب تک جاری سو فیصد فنڈز استعمال ہو چکے ہیں ۔ جبکہ نگران حکومت نے مزید چار ماہ کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں ۔ کمشنر نے جاری فنڈز سے یک طرفہ سڑک کو مکمل کرنے او رمزید فنڈز کیلئے متعلقہ ادارے کو حکومت سے رابطے میں رہنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ سرگودہا سے جھال چکیاں تک 20 کلو میٹر بائی پاس کی تعمیر کیلئے بھی حکومت نے فنڈز جاری کر دیئے ہیں ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے بائی پاس کی فوری تعمیر شروع کرنے او ر31دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کے علاوہ فاﺅنٹین ہاﺅ س اور سپیشل ایجوکیشن سنٹر کی سڑک بھی مکمل کرنے کیلئے محکمہ ہائی ویز کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔