ورلڈکپ؛ میتھیوز نے ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر وکٹ گنوانے کے بعد ویڈیو ثبوت پیش کردیا

آئی سی سی ورلڈکپ میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں ٹائم آؤٹ پر وکٹ گنوانے پر سری لنکن بیٹر اینجیلو میتھیوز نے ویڈیو ثبوت پیش کردیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر سری لنکن بیٹر اینجیلو میتھیوز نے ویڈیو کے اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ثبوت! جس وقت سے کیچ لیا گیا اور وہ وقت جب ہیلمٹ کا پٹا (اسٹریپ) اترا۔اسکرین شارٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سدیرا سمارا وکرامام کے آؤٹ ہونے کے بعد میتھیوز کریز پر موجود تھے اور ہیلمٹ کو کَس رہے تھے کہ پٹا ٹوٹ گیا۔ایک روز قبل ورلڈکپ میچ کے دوران سری لنکن بیٹر اینجیلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ پر پویلین واپس بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد تنازع نے جنم لیا کہ کیا بیٹر وقت سے پہلے کریز پر موجود تھے کہ نہیں! بنگلادیشی کپتان نے وکٹ کی اپیل کی تو امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا جبکہ میتھیوز کا اصرار تھا کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے کریز پر اگئے تھے بعدازاں انکے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا۔اینجلو میتھیوز نے ہیلمٹ کے مسئلے کا اشارہ دیا لیکن جب متبادل آیا تو بنگلادیش نے پہلے ہی ‘ٹائم آؤٹ’ برخاستگی کی اپیل کر دی تھی، اس واقعے پر سری لنکن بیٹر نے بنگلادیشی کپتان سے اپیل واپس لینے کا کہا لیکن شکیب الحسن نے انکار کردیا، کرکٹر نے غصے میں میدان چھوڑتے ہوئے مایوسی کے ساتھ اپنا ہیلمٹ پھینک دیا تھا۔وکٹ گنوانے کے بعد پریس کانفرس میں اینجلو میتھیوز نے بنگلادیشی کپتان سمیت کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر میں کبھی کسی ٹیم کو اتنا نیچے گرتا نہیں دیکھا، یہ ایک شرمناک حرکت تھی۔ آپ ان لوگوں کی عزت کرنا چاہتے ہیں جو ہماری عزت کرتے ہیں، ہم سب اس خوبصورت کھیل کے سفیر ہیں، اگر آپ عزت نہیں کرتے تو توقع بھی نہ رکھیں۔دوسری جانب بنگلادیشی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، انہیں ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept