جائیداد کے تنازع پر مسجد میں بزرگ شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل
لاہور(بیورورپورٹ) مسجد میں جائیداد کے تنازع پر بزرگ شہری پر ہونے والے تشدد کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔پولیس کے مطابق مسجد میں تشدد کا واقعہ تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسجد میں نماز کے لیے آنے والے بزرگ پر کچھ افراد نے تشدد کیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آ گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بزرگ شہری اعجاز جیسے ہی نماز کی نیت کرنے لگا تو ایک نوجوان نے اس پر حملہ کردیا۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چوہدری گوہر اور چوہدری فیصل نامی نوجو ان بزرگ شہری پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کرتے ہیں، جب کہ قریب ہی موجود بزرگ شہری کا بیٹا ابرار اپنے والد کو بچانے کے لیے بیچ میں آتا ہے تو حملہ آور اسے بھی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جب کہ اس دوران حملہ آور کے مزید ساتھی بھی مسجد پہنچ کر تشدد شروع کردیتے ہیں۔تین افراد نے مل کر بزرگ شہری اعجاز اور اس کے بیٹے ابرار کو مسجد میں تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ بیٹے ابرار کا سر پھٹنے اور جسم میں دیگر اعضا پر چوٹیں آئیں۔ پولیس نے درخواست پر ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔