شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم ولادت آج منایاجا رہا ہے
لاہور(بیورورپورٹ) شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم ولادت آج منایاجا رہا ہے، شاعر مشرق کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور یوم اقبال کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے عظیم شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان اور تحریک پاکستان کی اہم شخصیات میں سے ایک تھے۔ ان کی شاعری آج بھی لہو گرما دیتی ہے۔شاعر مشرق، مفکرپاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کوسیالکوٹ میں پید اہوئے۔ ابتدائی تعلیم آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کرنے کے بعد 1905 میں برطانیہ سے وکالت اوربعد میں جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پرمنتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا، سیاستدان کی حثیت سے ان کا سب سے بڑا کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، یہی نظریہ بعد میں پاکستان کی قیام کی بنیاد بنا۔علامہ محمد اقبال کی شاعری نے ہندوستان کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی۔ انہیں نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین اورعقاب جیسے القابات سے بھی پکارا۔علامہ اقبال کو دور جدید کا صوفی سمجھا جاتا ہے، شاعری میں بنیادی رجحان تصوف اور احیائے امت اسلام کی طرف تھا۔ ان کے فلسفے کی پوری دنیا معترف ہے۔ ان کی شاعری کے مجموعوں میں بانگ درا، زبور عجم، بال جبریل، ضرب کلیم، جاوید نامہ اور پیام مشرق مشہورہیں۔مصورپاکستان علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں خالق حقیقی سے جاملے،انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں دفن کیا گیا۔