پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگیا
کراچی(بیورورپورٹ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس سے انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ابتدائی وقت میں 520 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 55900 کی سطح پر پہنچا۔بعد ازاں بازار حصص میں مزید تیزی کا رجحان جاری ہے، جس سے پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 962 پوائنٹس کی ریکارڈ تیزی آئی اور تاریخ میں پہلی بار 100 انڈیکس 56000 پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس بڑھ کر 56353 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔دریں اثنا پیر کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 33 پیسے کی کمی کے ساتھ 286.70 روپے کی سطح پر آ گیا ہے جب کہ انٹر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے کے اضافے سے 289روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔