برطانیہ میں دیوالی کی آتش بازی سے گھر جل کر خاکستر؛ بچوں سمیت 5 افراد ہلاک
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانی نژاد ہندو خاندان کے گھر میں لگنے والی آگ نے سیکنڈوں میں 5 افراد کی جانیں لے لیں جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق اس گھر میں افغانستان سے ہجرت کرکے برطانیہ والی فیملی رہتی تھی۔ کشن اور سیما کشن کے تین بچے تھے جب کہ دیوالی کی وجہ سے دو مہمان بھی ٹھہرے ہوئے تھے۔ہمسائیوں کا کہنا ہے کہ آگ پہلے گھر کے باہر ڈسٹ بن میں لگی اور 10 سیکنڈ سے بھی کم عرصے میں پورے گھر میں پھیل گئی۔ کشن کو میرے بچے میرے بچے چیختے ہوئے دیکھا گیا۔کشن کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے تاہم اس آتشزدگی میں ان کی اہلیہ اور تینوں بچے بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ ایک مہمان بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ممکنہ طور پر آگ دیوالی کے تہوار پر کی جانے والی آتش بازی سے لگی۔ جس جگہ متاثرہ گھر واقع تھا وہاں ہندو اور سکھ بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔دیوالی کے موقع پر اس علاقے میں خوب آتش بازی کی جا رہی تھی، کوئی بارودی مواد یا چنگاری ممکنہ طور پر پہلے ڈسٹ بن میں گری اور وہاں سے آگ پھیلتی ہوئی گھر میں داخل ہوئی تھی۔