ٹانک؛ بھرے بازار میں فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل جاں بحق
ٹانک(بیورورپورٹ)نامعلوم افراد نے بھرے بازار میں فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل کوقتل کردیا اور فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق کانسٹیبل شریف الدین ٹریفک وارڈن انچارج سعید الدین کے بھائی تھے اور ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے کہ گرڈ اسٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔مقتول کی لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹانک میں چلتی موٹرسائیکل پر فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا تھا جب کہ واقعے میں 2 بچے زخمی ہوئے تھے۔