غزہ میں پارلیمنٹ اور حکومتی اداروں پر قبضہ کر لیا، اسرائیل کا دعویٰ
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے غزہ میں حماس کے زیر انتظام پارلیمنٹ اور حکومتی اداروں پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔صہیونی فوج کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فوجی دستوں نے حماس کی پارلیمنٹ ، حکومتی عمارات ، پولیس ہیڈ کوارٹرز اوراسلحہ ساز ادارے کے طور پر کام کرنے والی انجینئیرنگ فیکٹری پر قبضہ کرلیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان مقامات پر قبضہ کرنے سے ہماری گرفت مزید مضبوط ہوئی ہے۔اسرائیل نے اپنے دعویٰ سے متعلق کوئی تفصیل یا ثبوت جاری نہیں کیا۔اسرائیل کے دعویٰ کے باجود اب تک قبضے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی یہ تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ اسرائیلی فوج کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا یا نہیں۔ مبینہ قبضے کے دوران کسی جانی نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔