قلبی امراض کے خطرات کی نشاندہی کرنے والا مخصوص کیلکولیٹر
ٹیکساس(مانیٹرنگ ڈیسک) ریاضی کے سوالات کو حل کرنے کیلئے تو آپ کیلکولیٹر کا استعمال کرتے ہونگے لیکن طب کے شعبے میں سائنسدانوں نے دل کی صحت سے متعلق خطرے کا حساب لگانے کیلئے بھی مخصوص کیلکولیٹر متارف کرایا ہے۔امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے دل کی بیماری کے خطرے کی جانچ کیلئے نیا طریقہ اختیار کیا ہے جس کیلئے ادارے نے قلبی صحت سے متعلق خطرے کی پیشگوئی کرنے والا کیلکولیٹر متعارف کرایا ہے۔پریوینٹ (PREVENT) نامی یہ آلہ قلبی امراض کے رِسک کیلکولیٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے اپنے جریدے سرکولیشن ٹرسٹڈ سورس میں اس مخصوص کیلکولیٹر کی نقاب کشائی کی۔یہ کیلکولیٹر 30 سے 79 سال کی عمر کے لوگوں کے لیے دل کی بیماری اور دل کی ناکامی کے 10 اور 30 سالہ خطرے کا اندازہ لگا سکتا ہے۔ اسے مریضوں اور ان کے ڈاکٹروں کو دل کی صحت سے متعلق خطرات اور ان کی روک تھام کے بارے میں بروقت علاج میں مدد کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔پریوینٹ کو تیار کرنے میں امریکا کے 60 لاکھ سے زائد بالغوں کے ڈیٹا استعمال کیا گیا ہے جو مختلف نسلی اور سماجی اقتصادی پس منظر کے لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ مزید برآں پریوینٹ کیلکولیٹر خواتین کے لیے مخصوص نئی تحقیقی نتائج کو شامل کرتے ہوئے، خواتین میں بھی قلبی امراض کے خطرات کو واضح طور پر ناپتا ہے۔