امریکا میں نیاگرا فالز کے قریب گاڑی میں دھماکا، 2 افراد ہلاک
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور کینیڈا کو ملانے والے نیاگرا فالز پر بنے ایک پُل پر گاڑی میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ نیاگرا فالز پر کینیڈا اور امریکا دونوں ممالک کو ملانے والے پل کے امریکی جانب میں موجود چیک پوائنٹ پر ایک گاڑی میں دھماکا ہوا جس کے بعد امریکا اور کینیڈا کے درمیان چار سرحدی گزرگاہیں بند کر دی گئی ہیں۔قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے ایسوسی ایٹڈ پریس خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ گاڑی کے اندر موجود دو افراد اس دھماکے میں ہلاک ہو گئے جو دریائے نیاگرا کے اس پار جانے والے رینبو بریج کے امریکی سائیڈ پر ہوا۔اے پی کے مطابق مغربی نیویارک اور اونٹاریو کے درمیان رینبو بریج کے علاوہ تین دیگر پلوں کو بھی احتیاط کے طور پر فوری طور پر بند کر دیا گیا اور بفیلو نیاگرا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے تمام گاڑیوں کی سیکیورٹی چیکنگ شروع کردی ہے اور مسافروں سے کہا کہ وہ اضافی اسکریننگ کی توقع رکھیں۔امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے فیلڈ آفس دی بفیلو، نیویارک نے کہا کہ وہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ واقعے کی تحقیقات کررہا ہے۔ ابھی تام دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہیں۔