سیاست کیلیے جھوٹ نہیں بولتا، سندھ میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار ہم نے شروع کی، نواز شریف

مری(بیورورپورٹ) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں سیاست کے لیے جھوٹ نہیں بولتا۔ سندھ میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار ہم نے شروع کی۔سابق وزیراعظم نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا مری کے بھائیوں اور دوستوں سے مضبوط رشتہ ہے ۔ آج یہاں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کرکے خوشی ہو رہی ہے۔ مری میرا دوسرا گھر ہے، بچپن سے پسند ہے۔ مری کا حسن واپس آنا چاہیے، یہاں ترقیاتی کام ہونے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے مری تک بہت خوبصورت سڑک بنی ہے۔ ہم نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔ محنت کرکے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ ہم نے دن رات محنت کرکے قلیل مدت میں بجلی کے متعدد منصوبوں کو مکمل کیا۔قائد مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ 50 سال سے سن رہا تھا کہ سندھ میں  کوئلے کی کانیں ہیں۔ ہم نے سندھ میں کوئلے کی کانوں میں کام شروع کیا اور اس سے بجلی کی پیداوار شروع کی۔ میں سیاست کے لیے جھوٹ نہیں بولتا۔ 20،  20 سال کے نامکمل منصوبے ہم نے مکمل کیے۔ ہم نے کوئلہ نکالنا شروع کیا، بجلی کا کارخانہ لگایا۔ کوئلے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی بنا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ پاکستان گرے لسٹ میں تھا، ہم وائٹ لسٹ میں لے کر آئے۔ ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام ختم کیا۔ گزشتہ دور حکومت میں ملک میں تباہی پھیر دی گئی۔ ہم نے کسی ملک سے پیسہ نہیں مانگا۔نواز شریف نے کہا کہ قوم کو دھوکا دیں اور توقع کریں کہ اللہ معاف کرے گا تو ایسا نہیں ہے۔ حکومت میں آنے کے لیے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے۔ جھوٹ بول کر ووٹ لو اور پھر کچھ نہ کروں تو پھر اللہ کو بھی جواب دینا ہے۔ جو بات کہیں سوچ سمجھ کر کہیں اور پھر اس کو پورا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھارت کے 2 وزرائے اعظم پاکستان آئے۔ ہم نے کسی ملک سے پیسہ نہیں مانگا۔ امریکا سے 5 ارب ڈالر کی آفر ٹھکرائی اور ایٹمی دھماکے کیے۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept