لباس کا صحیح یا غلط چناؤ صحت پر خاطرخواہ اثرات مرتب کرسکتا ہے
آپ جو لباس پہنتے ہیں اس سے آپ کی صحت پر مختلف اثرات پڑسکتے ہیں۔ مثبت بھی اور منفی بھی۔ یہ ملبوسات کے اثرات مختلف عوامل پر منحصر ہیں جو کہ درج ذیل ہیں۔مواد اور فیبرک: کپڑا کس مواد یعنی fabric سے بنا ہے، یہ آپ کی جلد کی صحت کیلئے کافی اہمیت رکھتا ہے۔ کپاس، ریشم اور اون جیسے قدرتی کپڑے ہوادار ہوتے ہیں اور پولیسٹر یا نائلون جیسے مصنوعی مواد کے مقابلے میں جِلد میں جلن کم پیدا کرتے ہیں۔ مصنوعی فیبرک سے بنے کپڑے گرمی اور نمی کو اپنے اندر قید کرسکتے ہیں جو کہ ممکنہ طور پر جلد کے مسائل جیسے دانے یا تکلیف کا باعث بن سکتے ہیں۔الرجی اور حساسیت: کچھ لوگوں کو کپڑوں میں استعمال ہونے والے بعض مواد یا رنگوں سے الرجی یا حساسیت ہو سکتی ہے۔ یہ الرجی مخصوص مواد کے ساتھ رابطے پر جلد پر خارش کے ساتھ ساتھ سرخی بھی پیدا کرسکتی ہے۔تنگ لباس: تنگ لباس خون کے بہاؤ اور نقل و حرکت پر اثرانداز ہوسکتا ہے جس سے تکلیف اور یہاں تک کہ صحت کے مسائل جیسے پٹھوں میں درد، اعصابی سکڑاؤ یا ہاضمہ جیسے مسائل تک پیدا ہو سکتے ہیں۔آب و ہوا اور موسم: موسمی حالات کے مطابق مناسب لباس پہننا بہت ضروری ہے۔ سرد موسم میں ناکافی گرم لباس ہائپوتھرمیا یا فراسٹ بائٹ کا باعث بن سکتا ہے۔ اسی طرح گرم موسم میں موٹے کپڑے کا لباس پہننے سے گرمی سے متعلقہ مسائل جیسے ہیٹ ریش، ہیٹ اسٹروک یا ہیٹ ایکزاشن کا سبب بن سکتا ہے۔صاف لباس: گندے کپڑے پہننے سے جلد میں انفیکشن ہو سکتا ہے بالخصوص ان علاقوں میں جہاں نمی زیادہ ہے اور بیکٹیریا کی افزائش کا امکان دوگنا ہے ۔نفسیات پر اثر: لباس آپ کے مزاج اور اعتماد کو متاثر کر سکتا ہے۔ آرام دہ اور مناسب لباس پہننے سے خود اعتمادی اور ذہنی تندرستی پر مثبت اثر پڑتا ہے۔