کیا پی سی بی حارث کو بگ بیش لیگ کیلئے این او سی دے گا؟
دورہ آسٹریلیا سے انکار کرنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف سمیت زمان خان اور اسامہ میر کو بگ بیش لیگ کیلئے تاحال این او سی جاری نہیں کیا۔آسٹریلیا میں شیڈول بگ بیش لیگ کا آغاز 7 دسمبر سے ہوگا، ایونٹ میں فاسٹ بولر حارث رؤف کو ایک مرتبہ پھر میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنی ہے تاہم بورڈ کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیا گیا ہے۔حکام کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو شرکت دینے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن معاملہ زیر غور ہے۔غیرملکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا سے انکار کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف کی سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹگری میں تنزلی کے ساتھ ساتھ بگ بیش لیگ این او سی سے بھی محروم کیے جانے کا امکان ہے۔حارث رؤف نے ورک لوڈ اور فٹنس مسائل کے سبب آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے عدم دستیابی ظاہر کی تھی، جس کے بعد اعلیٰ عہدیداران انکے رویے سے نالاں ہیں۔واضح رہے کہ حارث رؤف اور اسامہ میر میلبرن اسٹارز اور زمان خان کا سڈنی تھنڈرز کے ساتھ معاہدہ ہے۔گزشتہ روز ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی عالیہ رشید کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے ٹیم تیار نہیں کریں گے تو ہر کوئی صرف ٹی20 کھیلنا چاہے گا، سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ہر کھلاڑی کیلئے ضروری ہے کہ جب پاکستان ٹیم کے لیے آواز دی جائے تو وہ تیار ہو۔عالیہ رشید نے کہا کہ صرف 4 اوورز تک خود کو محدود کرلینا، مناسب نہیں، اگر آپ میں قابلیت ہے تو ہر فارمیٹ میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔بورڈ کی جانب سے بیان سامنے آنے کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بگ بیش لیگ کیلئے حارث کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔