اسرائیل سے 39 فلسطینیوں کی رہائی کے بدلے حماس نے 17 یرغمالیوں کو چھوڑ دیا

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے 39 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بعد حماس نے بھی 13 اسرائیلیوں اور 4 تھائی شہریوں کو ہلال احمر کے حوالے کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینیوں میں 33 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں جب کہ حماس کی جانب سے رہا کیے گئے یرغمالیوں میں 5 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں۔حماس نے جن 17 یرغمالیوں کو رہا کیا ہے ان میں 13 اسرائیلی جب کہ 4 تھائی لینڈ کے شہری ہیں جنھیں ہلال احمر کے رضاکاروں نے مصر پہنچایا جہاں سے طبی معائنے کے بعد اسرائیل بھیج دیا گیا۔جنگ بندی معاہدے کے دوسرے روز قیدیوں کا تبادلہ قدرے تاخیر سے رات گئے ہوا۔ حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی روک دی تھی۔بعد ازاں معاہدے کے ثالثی قطر نے ان رکاوٹوں کو ختم کرانے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد قیدیوں کے تبادلے کا عمل بحال ہوا۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل حماس جنگ میں 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ 1400 اسرائیلی بھی مارے گئے۔اسرائیل اور حماس نے قطر کی ثالثی میں طے پانے والی 4 روزہ جنگ بندی پر عمل درآمد جمعے کے روز شروع ہوا۔ معاہدے کے تحت اسرائیل اور حماس نے قیدیوں کا تبادلہ کرنا تھا۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept