اسرائیل حماس جنگ بندی کا پانچواں روز، مزید 11 یرغمالی رہا
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں دو روزہ توسیع کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا آج پانچواں روز ہے جس میں حماس نے مزید 11 یرغمالیوں کو رہا کردیا۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق حماس نے آج جن 11 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا وہ اسرائیل کے علاوہ فرانس، جرمنی اور ارجنٹائن کی شہریت بھی رکھتے تھے۔قبل ازیں 4 روزہ عارضی جنگ بندی کے دوران حماس نے 69 اسرائیلی قیدیوں جبکہ اسرائیل نے 150 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا بعد ازاں مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی میں مزید 2 روز کا اضافہ کردیا گیا تھا۔فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل کی قابض فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رملہ میں جیل کے باہر اپنے پیاروں کی رہائی کے منتظر سیکڑوں فلسطینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔اسرائیلی فورسز کے تشدد سے متعدد فلسطینی زخمی ہوگئےغزہ پر 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہدا میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔