کڑی تنقید، جگ ہنسائی کے بعد بورڈ نے اعظم پر عائد جرمانہ ختم کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دنیا بھر میں جگ ہنسائی اور کڑی تنقید کے بعد نوجوان کرکٹر اعظم خان پر عائد کردہ جرمانے کو ختم کردیا۔بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹر پر میچ کے دوران بلے پر فلسطینی جھنڈے کا اسٹیکر لگا کر کھیلے پر ریفریز کی جانب سے میچ فیس کی پر عائد کردہ 50 فیصد جرمانے کو ختم کردیا گیا ہے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز کو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ کوئی ایسی چیز پہنیں اور دکھائیں یا اپنے ذاتی پیغامات اپنے سازوسامان کے ذریعے پیش کریں، اس کے لیے پلیئر یا ٹیم آفیشلز ایسوسی ایشن اور پی سی بی کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کی پیشگی منظوری ضروری ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعظم خان نے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.4کی خلاف ورزی کی تھی اورایک امپائر کی ہدایت کے باوجود انہوں نے اسٹیکر نہیں ہٹایا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کو فلسطین کی حمایت پر کرکٹر پر جرمانے کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ نیشنل ٹی20 کپ کے دوران کراچی میں اعظم خان پر جرمانے کے خلاف اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کیا گیا تھا۔