اسٹاک مارکیٹ میں پہلی بار 61ہزار500 پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی عبور
کراچی(بیورورپورٹ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 794 پوائنٹس کی تیزی سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 61ہزار 500پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی عبور ہوگئی۔متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پلان کے تحت توانائی، معدنیات اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری معاہدوں اور اچھے سینٹیمنٹس کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بڑی نوعیت کی تیزی رونما ہوئی جس سے ہنڈریڈ انڈیکس کے تمام سابقہ ریکارڈز ٹوٹ گئے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 61 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کرگیا۔بدھ کو کاروبار کا آغاز 323 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس کی 61ہزار کی سطح پہلی بار عبور ہوئی۔ اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی کے باعث 100 انڈیکس بڑھ کر 61524 پوائنٹس کی بلند سطح پر آگیا۔
فنڈامینٹلز مضبوط ہونے سے کم قیمتوں پر شعبہ جاتی بنیادوں پر حصص کی خریداری سرگرمیوں نے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن کیا جس سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دسمبر 2024 تک انڈیکس 30فیصد کی نمو کے ساتھ 75ہزار پوائنٹس کی سطح پر آنے پیشگوئی مارکیٹ کے لیے حوصلہ افزاء ثابت ہو رہی ہے جس سے انویسٹرز کا مورال بلند ہو رہا ہے۔دوسری جانب، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 52پیسے کی کمی سے 284روپے 95پیسے کی سطح پر آگئی۔