پرتھ ٹیسٹ؛ باؤنسی وکٹ اور فاسٹ ٹریک کیلئے ڈراپ اِن پچز کا کام مکمل
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ہی ڈارپ اَن پچز کا کام مکمل ہوگیا۔آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گراؤنڈ کے اسکوئر پر 5 ڈراپ اِن پچز پر وکا گراؤنڈ کی گھاس اور مٹی کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ ایک پچ کا وزن 25 ٹن کے قریب ہے، جس کی تنصیب میں 2 دن کا وقت لگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز پہلا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اس میچ کو کرکٹ آسٹریلیا ویسٹ ٹیسٹ کا نام دیا ہے۔
ڈراپ اِن پِچز کیوں استعمال کی جاتی ہیں؟
میدان پر میچ سے قبل گراؤنڈ اسٹاف پچ تیار کرتا ہے تاہم ڈراپ اِن پِچز میں ایسا نہیں ہے، ان پچز کو دوسرے مقام پر تیار کیا جاتا ہے بعدازاں انہیں دوسرے مقام پر انسٹال کردیا جاتا ہے۔ڈراپ اِن پِچ کو گراؤنڈ سے باہر ایک لوہے کے سانچے کے اندر تیار کیا جاتا ہے جس میں نیچے پہلے مٹی اور اوپر گھاس کی تہہ لگائی جاتی ہے، ان دونوں تہوں کو کافی عرصے تک اسی لوہے کے سانچے میں رکھا جاتا ہے جب تک کہ پِچ مکمل تیار نہیں ہوجاتی۔جب یہ پِچ میچ کے مطابق تیار ہوجاتی ہے تو انہیں مشین (کرین) کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گراؤنڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ کی جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے متعدد گراؤنڈز میں انہی پچز کا استعمال کیا جاتا ہے۔