پی ایس ایل 9؛ شیڈول اور وینیوز میں تاخیر، فرنچائزز کو تشویش
کراچی(بیورورپورٹ) پی ایس ایل9 کے شیڈول اور وینیوز کے فیصلے میں تاخیر سے فرنچائزز تشویش کا شکار ہیں تاہم اب تک پاکستان یا یو اے ای میں میچز کے انعقاد پر بھی اتفاق نہیں ہو سکا۔پی ایس ایل 9 کا شیڈول اور وینیوز ابھی تک فائنل نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے فرنچائزز تشویش کا شکار ہیں، ملک میں عام انتخابات کی وجہ سے مقابلوں کو یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آ چکی لیکن تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، پی سی بی از خود فیصلہ کرنے کے بجائے ٹیموں سے مشاورت چاہتا ہے، اس حوالے سے رہنمائی کیلیے حکومت کو بھی خط لکھا جا چکا۔ذرائع کے مطابق اب تک پاکستان میں ہی میچز کو ذہن میں رکھ کر 2 مجوزہ شیڈول تیار کیے گئے ہیں، ایک میں چار وینیوز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میچز کا لکھا گیا، دوسرے میں صرف ابتدائی 2 شہروں میں ہی مقابلوں کا درج ہے، گذشتہ روز یہ دونوں شیڈول فرنچائزز کے ساتھ شیئر بھی کر دیے گئے۔
زلمی نے پشاور کو بھی میزبان شہروں میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، میچز کی تاریخوں اور وینیوز کو ہی فائنل کرنے کے بعد براڈ کاسٹ و پروڈکشن ڈیل مکمل ہو سکیں گی۔ذرائع نے بتایا کہ ایونٹ کا آغاز18 فروری کو لاہور میں کرنے کی تجویز ہے، فائنل 19 مارچ کو کراچی میں کرانے کا ارادہ ظاہر کر دیا گیا، اس حوالے سے جلد کوئی فیصلہ متوقع ہے۔کئی غیرملکی کرکٹرز بھی یو اے ای میں ہی کھیلنے پر اصرار کر رہے ہیں، البتہ تمام فرنچائز مالکان ہی اس حوالے سے تاحال ایک پیج پر نہیں ہیں، بعض پاکستان جبکہ دیگر یو اے ای میں میچز چاہتے ہیں۔پی ایس ایل کے معاملات میں سست روی کا چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بھی سختی سے نوٹس لے لیا، انھوں نے گذشتہ روز متعلقہ آفیشلز کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں جلد انتظامات کو حتمی شکل دینے پر زور دیا گیا۔