الیکشن نہ کروانے والی پارٹیز پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات پر تنقید کررہی ہیں، نیاز اللہ نیازی
لاہور(بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن کمیشن کی ہدایات اور آئین اور رولز کے مطابق20 دنوں کے اندر الیکشن کرا دیے، کل ہم انتخابی نتائج کا نوٹیفیکیشن کر کے سوموار کو الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر تنقید کرنے والوں پر حیرت ہو رہی ہے، وہ سیاسی جماعتیں تنقید کر رہی ہیں جو انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کراتیں۔ یہ جماعتیں عام انتخابات میں بھی دھاندلی کرتی ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر تنقید کرنے والی سیاسی جماعتوں نے کیا خود کبھی جماعت میں انتخابات کرائے ہیں؟ پی ٹی آئی نے ہر دفعہ انٹرا پارٹی انتخابات کرائے ہیں، پیپلز پارٹی کو بھی خود اپنے الیکشن دیکھنے چاہیں۔چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے مزید کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق20 دنوں کے اندر الیکشن کرائے ، آئین اور قانون کے مطابق ہی انٹر ا پارٹی انتخابات کرائے ہیں، کل ہم انتخابات کا نوٹیفیکیشن کر کے سوموار کو الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ تکنیکی طور پر سیاسی میدان سے باہر کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔ بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابرکی تنقید سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئےنیاز اللہ نیازی نے کہا کہ اکبر ایس بابر پارٹی سے ڈس کوالیفائی ہو چکے ہیں، انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا، اس لیے انہیں تو انٹرا پارٹی انتخابات پر تنقید کرنی ہی ہے۔