اٹلی کا تاریخی ’جھکا ہوا مینار‘ گرنے کا خطرہ، علاقے کو خالی کرالیا گیا

روم(مانیٹرنگ ڈیسک)اٹلی کا تاریخی ’جھکا ہوا مینار‘ کسی بھی وقت گرنے کے خطرے کی وجہ سے علاقے کو سیل کردیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت روم سے 375 کلومیٹر دور واقع اطالوی شہر بولوگنا میں قرون وسطیٰ دور کے ایک ہزار سال سے زائد قدیم گیریزنڈا ٹاور کو ضرورت سے زیادہ جھکاؤ کے بعد اچانک گرنے کے خطرے کی وجہ سے سیل کردیا گیا۔انتظامیہ نے ٹاور کے آس پاس کا علاقہ سیل کرکے وہاں جانے والے راستے بند کردیے ہیں۔ شہری حکام کا کہنا ہے کہ ٹاور کے گرد ایک حصار بنایا جارہا ہے تاکہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے جبکہ 16 فٹ اونچی رکاوٹ کی تعمیر بھی شروع کردی ہے تاکہ اس کے گرنے کی صورت میں ملبہ کو روکا جا سکے۔ٹاور گرنے کا انتباہ ایک سائنسی کمیٹی نے جاری کیا ہے جو 2019 سے اس کی نگرانی کررہی ہے۔  ٹاور میں نصب سینسر اُس کی نقل و حرکت کی پیمائش کرتے ہیں۔ اکتوبر 2023 میں ریڈنگ نے خطرے کی گھنٹی بجائی تھی۔‘ہائی الرٹ’ وارننگ میں کہا گیا ہے کہ لیننگ ٹاور کی بنیاد میں استعمال ہونے والے پتھروں میں دراڑیں اوپر کی اینٹوں تک پھیل سکتی ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق گیریزنڈا ٹاور کی تعمیر 1173 میں شروع ہوئی تھی جو 14 ویں صدی سے 4 ڈگری کے زاویے پر جھکا ہوا ہے۔گزشتہ کئی برسوں کے دوران اطالوی حکومت نے اسکو برقرار رکھنے کے لیے وسیع کام کیا ہے لیکن اب ٹاور ضرورت سے زیادہ جُھک گیا ہے جس سے اس کے اچانک کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ اسی نوعیت کا ایک اور ٹاور پیسا شہر میں بھی واقع ہے تاہم وہاں سیاحوں کو جانے کی اجازت ہے۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept