بالوں کے لیے استعمال کی جانے والی اشیاء صحت کے لیے مضر قرار
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ بالوں کے لیے استعمال کی جانے والی اشیاء انسانی صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔بالوں کے لیے استعمال کی جانے والی اشیاء میں عموماً ایک کیمیکل سائیکلک وولیٹائل میتھائل سائیلوکسینز (سی وی ایم ایس) استعمال ہوتا ہے جو بالوں کو چمک دینے اور سلجھا کر رکھنے (یعنی گھنگھریالے بالوں کو سنبھالنا اور الجھنے سے بچانا) کے لیے جانا جاتا ہے۔امیریکن کیمیکل سوسائٹی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جب ہیئر اسٹریٹنر یا کرلنگ وینڈ کی وجہ سے گرم ہونے والے سالمے ممکنہ طور پر انسانی صحت اور ماحولیات کے لیے دیرپا منفی اثرات کا سبب ہو سکتے ہیں۔تحقیق میں شریک افراد نے مخصوص ماحول میں اپنے زیرِ استعمال معمول کی ہیئر پروڈکٹس (کریم، اسپرے اور تیل) اور اسٹریٹنر جیسے آلات کا استعمال کیا۔اس دوران محققین نے خارج ہونے والے سی وی ایم ایس اور دیگر وولیٹائل آرگینک مرکبات (وی او سیز) کی پیمائش کی۔ وی او سیز ایسے کیمیا ہوتے ہیں جو نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں اور ان میں سے کچھ کینسر کے سبب کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔تحقیق میں مصنفین کا کہنا تھا کہ بند ماحول میں ہیئر کیئر معمولات کے سبب وی او سیز تنفس اور ایٹماسفیئرک ماحول پر دیر پا اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔محققین نے یہ بات واضح کی کہ یہ اخراج ماحول کی کیمسٹری کو متاثر کرسکتا ہے۔تحقیق کے دوران سی وی ایم ایس مرکبات میں سب سے واضح اخراج ڈیکا میتھائل سائیکلو پینٹا سِلوکسین (ڈی 5) اور اوکٹا میتھائل سائیکلو ٹیٹرا سِلوکسین (ڈی 4) دیکھا گیا۔چوہوں پر کی جانے والی تحقیق میں ڈی 4 اور ڈی 5 کا تعلق جگر اور پھیپھڑوں پر مہلک اثرات کے ساتھ تعلق کےعلاوہ تجربہ گاہ میں موجود جانوروں کی سانس کی نالی، جگر اور اعصابی نظام پر بدترین اثرات کے ساتھ تعلق دیکھا گیا۔تحقیق میں پروڈکٹ کی قسم، بالوں کی لمبائی اور اسٹائلنگ آلے کا درجہ حرارت کو مرکب کے اخراج پر اثر انداز دیکھا گیا۔ یعنی لمبے بال اور زیادہ درجہ حرارت کا مطلب تھا وی او سیز کا زیادہ اخراج۔محققین نے بتایا کہ ایگزاسٹ فین کی مدد سے کمرے سے فضا کو 20 منٹ کے اندر صاف کیا جاسکتا ہے لیکن ایسا کرنا گنجان آباد شہروں کے فضائی معیار کو متاثر کر سکتا ہے۔