پاکستان ٹیم خود کو آسٹریلوی کنڈیشنز میں ڈھالنے لگی

کراچی(بیورورپورٹ) پاکستان ٹیم خود کو کینگرو کنڈیشنز میں ڈھالنے لگی جب کہ مانوکا اوول میں بارش کی دخل اندازی سے قبل کھلاڑیوں نے پرجوش انداز میں کیچنگ پریکٹس کی اور انڈور نیٹس میں بیٹرز نے صلاحیتوں کو چمکایا۔پاکستان نے آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، راولپنڈی میں بھرپور ٹریننگ کے بعد اب تمام پلیئرز آسٹریلیا پہنچنے کے بعد میزبان ملک کی کنڈیشنز سے مانوس ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں، گذشتہ روز کینبرا کے مانوکا اوول میں پریکٹس شیڈول تھی، کھلاڑی بھی کافی پرجوش تھے۔ٹیم ڈائریکٹر و کوچ محمد حفیظ نے پلیئرز کو بھرپور کیچنگ پریکٹس کرائی، سلپ میں کیچز کی خاص طور پر پریکٹس کرائی گئی، آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچز کے دوران کیچز کا کردار اہم ہوتا ہے، فیلڈنگ اچھی ہونے کی صورت میں حریف سائیڈ پر دبائو بڑھایا جاسکتا ہے، بارش کی دخل اندازی کی وجہ سے پریکٹس کو روکنا پڑا تاہم انڈور کھلاڑیوں نے نیٹس میں صلاحیتوں کو چمکایا۔پاکستان ٹیم بدھ سے میزبان پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی، جس سے کھلاڑیوں کو میزبان کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا مزید موقع میسر آئے گا۔ٹیم 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل مقامی کنڈیشنز سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہونے کے حوالے سے کافی پرامید ہیں۔ یہ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی الوداعی سیریز بھی ہوگی، وہ پہلے ہی گرین کیپس کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرچکے ہیں۔انھیں پرتھ ٹیسٹ کیلیے آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ بھی بنایا گیا ہے، پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انھیں الوداعی پارٹی اجاڑنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔

پریکٹس سے قبل میڈیا کانفرنس سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں مگر اس کے ساتھ امیدبھی ہے کہ ان کا ہمارے خلاف اپنی آخری سیریز میں اختتام اچھا ہیں ہوگا۔شاہین نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلیے بھی اس سیریز کو اہم قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک اہم سیریز ہے، ہم فی الحال چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آگے اور اس پوزیشن کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کیلیے گذشتہ روز 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، اس حوالے سے شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ ہم پہلے بھی حال ہی میں اعلان کردہ میزبان ٹیم کے ساتھ کھیل چکے ہیں، ہم اس آنے والے چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، امید ہے کہ ہم آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس سینئر اور جونیئرز کا اچھا کمبی نیشن ہے، کینبرا میں تیاری کا اچھا موقع ملے گا، ہمیں وہاں پر کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں ہے تاہم بدھ سے شروع ہونے والے 4 روزہ پریکٹس میچ میں ہمیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، آسٹریلوی کھلاڑی ہمیشہ ہی مضبوط انداز میں مقابلہ کرتے ہیں، ہم بھی ان کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہوں گے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسکواڈ میں دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، شاہین آفریدی اور امام الحق شامل ہیں۔3 میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبورن میں باکسنگ ڈے کے موقع پر شروع ہوگا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ نیوایئرکے موقع پر 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

 

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept