< > امریکا؛ یونیورسٹی اور راہگیروں پر فائرنگ کے 2 واقعات میں 9 افراد ہلاک
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ریاست نیواڈا اور ٹیکساس میں ہونے والے فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی جب کہ 10 سے زائد زخمی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کے پہلا واقعہ امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس کی ایک یونی ورسٹی میں پیش آیا جس میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کردیا جب کہ 5 سے زائد معمولی زخمی ہیں۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر مسلح شخص کو گرفتاری دینے کا کہا جسے ملزم نے مسترد کردیا اور مسلسل ہوائی فائرنگ کرتا رہا۔ ملزم نے پولیس پر بھی کی جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ میں مسلح شخص مارا گیا۔ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ فائرنگ کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ان کے اہل خانہ کی اجازت ملنے کے بعد ظاہر کی جائے گی۔فائرنگ کا دوسرا واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے گھر میں ایک خاتون اور ایک مرد کو ہلاک کرنے کے بعد باہر نکل کر 4 راہگیروں کو بھی قتل کردیا۔اس دوران پولیس اور ملزم کی مڈ بھیڑ ہوگئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوگئے جن میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔لاس ویگاس کی یونیورسٹی اور آسٹن شہر میں فائرنگ ان واقعات کے محرک کا سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تفتیش ابتدائی مراحل میں ہے اور حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔یاد رہے کہ امریکا میں گن شاٹ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد روڈ ایکسیڈنٹ یا بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں سے کہیں زیادہ ہے جس کے باعث امریکی حکومت پر اسلحہ کی خرید و فروخت کے قوانین میں تبدیلی کے لیے عوام کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔