پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 66ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور
کراچی(بیورورپورٹ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی کے باعث 100 انڈیکس 66000 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کر گیا۔کارباوری ہفتے کے آخری روز 100انڈیکس 1552پوائنٹس کے اضافے سے 66270 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر آگیا۔ مارکیٹ میں پہلے سیشن کے بعد دوسری سیشن میں بھی تیزی دیکھی گئی۔اجارہ سکوک اجراء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ رواں مالی سال معیشت کو چیلنجز کا سامنا رہا تاہم آئی ایم ایف معاہدے نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بہتری سے اسٹاک مارکیٹ ستمبر سے 40 فیصد بڑھی ہے جبکہ ڈالر کا بھاو ستمبر میں 307 روپے تھا جو آج 284 کے لگ بھگ ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوکر 29.3 فیصد ہوئی ہے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت کا عزم ہے کہ ترقی کا ماحول ساز گار رہے اور معاشی بہتری کے ثمرات سے قوم مستفید ہو۔ حکومتی پیپرز کی اسٹاک ایکسچینج میں نیلامی سرمایہ کاری کو وسعت دے گی جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں نیلامی لاگت کم کرے گی اور شفافیت لائے گی۔نگراں وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 48پیسے کی کمی سے 283روپے 63پیسے کی سطح پر آگئی۔