کوئی غیرملکی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پایا تو ڈی پورٹ کردیں گے، نگراں وزیر داخلہ
اسلام آباد(بیورورپورٹ) نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، فی الوقت دس غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کررہے ہیں، کسی غیرملکی کو سیاست میں آنے کی اجازت نہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ اب تک دو لاکھ سے زائد افراد ملک سے جاچکے ہیں، 90 فیصد لوگ رضاکارانہ طور پر واپس جارہے ہیں، افغان شہری پاکستان میں کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے اسی لیے دس افراد کو سیاسی سرگرمیوں کے سبب ملک سے ڈی پورٹ کررہے ہیں، کوئی بھی غیر ملکی جو ویزے پر پاکستان آیا ہو وہ سیاسی گرمی میں حصہ نہیں لے سکتا اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو وہ فوری طور پر ڈی پورٹ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے سیکیورٹی فراہم کریں گے، سیاسی رہنما جلسے جلوسوں میں شہریوں کے درمیان آتے ہیں سیاسی رہنماؤں کو روک بھی نہیں سکتے، ماضی میں پاکستان میں متعدد سیاسی رہنماؤں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، الیکشن کے موقع پر تھریٹ عمومی طور پرموجود ہوتے ہیں اور مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے دھمکیاں ملی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک دن ہارڈ اسٹیٹ بننا ہے ہم کب تک سافٹ ریاست رہیں گے، نادرا کو صحیح معنوں میں نیشنل سیکیورٹی کا ادارہ بننا ہے۔