وزن میں کمی اور ذیابیطس کی ادویات آنتوں کے کینسر کیخلاف بھی معاون
کلیولینڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا ذیابیطس مرض اور وزن کم کرنے والی ادویات جیسے Ozempic، Wegovy، Mounjaro اور Zepbound بڑی آنت کے کینسر کے خطرات کو بھی کم کرسکتی ہے؟ نئی تحقیق کے مطابق ۔ ۔ ۔ہاں!امریکا میں کلیولینڈ کے کیس ویسٹرن ریزرو اسکول آف میڈیسن کے محققین کی نئی تحقیق جو JAMA Oncology نامی جریدے میں شائع ہوئی، سے پتا چلا ہے کہ ذیابیطس کے شکار افراد جنہوں نے درجِ بالا ادویات جیسی کوئی ایک دوا بھی لی تھی، جیسے میٹفارمین یا انسولین، ان میں دوسروں کے مقابلے میں بڑی آنت کے کینسر کے امکانات کم پائے گئے۔کیس ویسٹرن اسکول آف میڈیسن کے پروفیسر اور مطالعے کے شریک سرکردہ مصنف رانگ ژو کا کہنا تھا کہ ہمارے علم کے مطابق یہ پہلا اشارہ ہے اس بات کی طرف کہ وزن میں کمی اور ذیابیطس مخالف دوائیں کولوریکٹل کینسر کے واقعات کو کم کرتی ہیں۔تحقیق میں رانگ ژو اور ایک اور شریک سرکردہ مصنف ڈاکٹر ناتھن برجر نے ذیابیطس کے شکار 12 لاکھ افراد کے نتائج کا پتہ لگایا جن کے طبی ریکارڈز قومی ڈیٹا بیس میں محفوظ تھے۔ ان سب کا 2005 اور 2019 کے درمیان ذیابیطس کی کسی نہ کسی دوا سے علاج کیا گیا تھا جس کے بعد ان میں کولوریکٹل کینسر کے امکانات کی کمی پائی گئی۔