بھارت؛ لڑکی سے دوستی پر لڑکے کی والدہ کو برہنہ کرکے گھمایا گیا
بنگلور(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں لڑکی سے دوستی کرنے کے پاداش میں اس کے گھر والوں نے لڑکے کی والدہ کو برہنہ کرکے گھمایا اور پھر کھمبے سے باندھ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا میں مشتعل افراد نے ایکھ گھر پر دھاوا بول کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے دوران ان کے کپڑے پھٹ گئے اور وہ برہنہ ہوگئیں۔خاتون کو اسی حالت میں گلی گلی گھمایا گیا اور پھر ایک پول سے باندھ کر بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ ایک لڑکے کے اپنے محلے کی لڑکی سے تعلقات رکھنے کے باعث پیش آیا۔خاتون کو برہنہ کرکے تشدد کرنے والے لڑکی کے اہل خانہ تھے جنھوں نے الزام لگایا کہ خاتون کے بیٹے نے ان کی بیٹی کے ساتھ تعلقات استوار کر رکھے تھے۔وزیر اعلیٰ نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا جب کہ وزیر داخلہ کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ اب تک لڑکی کے اہل خانہ میں 7 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔لڑکا واقعے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھا اور تب سے وہ گھر واپس نہیں لوٹا ہے۔