کراچی کے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست
اسلام آباد(بیورورپورٹ) کراچی کے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کروادی گئی۔شہر قائد کے بجلی صارفین پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کروادی۔حکومت نے کراچی کے لیے بجلی ایک روپے 72 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔ یہ اضافہ گزشتہ مالی سال کی دوسری اورتیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق جنوری تا مارچ2023 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 25 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے۔ اکتوبر تادسمبر 2022ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں47 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں بجلی کا یکساں ٹیرف برقرار رکھنے کے لیے بھی اضافہ مانگا گیا ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے اس درخواست پر سماعت 20 دسمبر کو کی جائے گی۔