راولپنڈی میں پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک
راولپنڈی کے تھانہ پیر و دھائی کے علاقے فوجی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔جواں مردی سے مقابلہ کرنے پر اہلیان علاقہ نے پولیس کے حق میں نعرے لگائے۔ ہلاک ہونے والےتینوں ڈاکو ریکارڈ یافتہ تھے۔تھانہ پیرودھائی کے علاقے فوجی کالونی گلی نمبر 18 میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پرپولیس نے چھاپہ مارا تو وہاں موجود 5 ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس ٹیم نے بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فضل الرحمان عرف پرچونا، عزت الله اور جاوید شاہ نامی ملزمان شدید زخمی ہوئے جبکہ دو ملزمان رات کی تاریکی کافائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوجانے میں کامیاب رہے۔بھاری پولیس نفری موقع پر پہنچی اور زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کرکے فرار ہونے والوں کی تلاش شروع کردی۔اسپتال میں تینوں ملزمان زخموں کی تاب نہ لا تے ہو ئے ہلاک ہوگئے ۔ سینئر پولیس افسران کے مطابق تینوں ملزمان سنگین جرائم میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔