غزہ، اسرائیلی فوج کیجانب سے مسجد کی بےحُرمتی
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطین پر قابض اسرائیلی فوج نے محاصرے کے دوران جنین کیمپ میں مسجد کی بےحُرمتی کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔عالمی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین کیمپ کی ایک مسجد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوجی مسجد کے اندر اپنی عبادات کررہے ہیں۔اسرائیلی فوجیوں کو جوتے پہنے مسجد کے اندر دیکھا جاسکتا ہے، اُنہوں نے مسجد کی بےحُرمتی کرتے ہوئے اپنے مذہبی تہوار کے گیت مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے نشر کیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں چھاپوں کے دوران مسجد کے اندر گُھس کر بےحُرمتی کی اور پھر اپنی ویڈیوز بھی ریکارڈ کیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے وائرل ویڈیوز میں نظر آنے والے اپنے فوجیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُنہیں ڈیوٹی سے ہٹا دیا ہے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری کرکے غزہ کی سب سے قدیم اور سب سے بڑی العمری مسجد کو شہید کیا تھا، یہ مسجد 650 سال پہلے تعمیر ہوئی تھی۔Heritage for Peace نامی ادارے کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کے 100 سے زائد ثقافتی مراکز تباہ ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 50 ہزار کے قریب فلسطینی زخمی ہیں۔