اسرائیلی فوج کی سفاکیت؛ غزہ میں 10 اور مغربی کنارے میں 11 فلسطینی شہید
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کی غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک اسکول پر بمباری میں 10 جب کہ مغربی کنارے میں چھاپا مار کارروائی میں 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیلی فوج صرف غزہ میں ہی فلسطینی بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں کو اپنی وحشیانہ بمباری کا نشانہ نہیں بنا رہی ہے بلکہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کی پشت پناہی کرکے شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے خان یونس میں اقوام متحدہ کے ایک اسکول کو نشانہ بنایا جس میں وہاں پناہ لیے ہوئے 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔اسی طرح اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ جنین میں چھاپا مار کارروائی کی آڑ میں 11 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ متعدد کو حراست میں لے لیا۔یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے غزہ میں جنگی کارروائیاں مزید کئی ماہ تک جاری رہنے اور حماس کے خاتمے تک بمباری جاری رکھنے کے بیان کے بعد سے وحشیانہ کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 1500 سے زائد اسرائیلی بھی مارے جاچکے ہیں۔