اسرائیلی فورسزکی بوکھلاہٹ، حماس کی قید میں اپنے 3 شہری مار دئیے
مقبوضہ بیت المقدس(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فورسز نے حماس کی قید میں موجود اپنے 3 شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حماس کی قید میں موجود 3 اسرائیلی شہری شجاعیہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فورسز نے اپنے تینوں شہریوں کو حماس کے ارکان سمجھ کر نشانہ بنایا۔اسرائیلی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ فرینڈلی فائر کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کے حملوں میں اب تک 18 ہزار 797 فلسطینی شہید اور 50 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے 52 ہزار گھر مکمل طور پر جبکہ 2 لاکھ53 ہزار جزوی طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔