پرتھ میں بیشتر خالی نشستوں نے بحث چھیڑ دی
کراچی(بیورورپورٹ) پرتھ میں بیشتر خالی نشستوں نے بحث چھیڑ دی جب کہ آئندہ ہوم ٹیسٹ سیزن کے برسبین میں آغاز کا مطالبہ ہونے لگا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے پہلے ٹیسٹ میں تماشائیوں کی تعداد خاصی کم ہے، 60 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش والے آپٹس اسٹیڈیم کی بیشتر نشستیں خالی دکھائی دیتی ہیں، اس پر خوب تنقید کی جارہی ہے، سوشل میڈیا پر بحث بھی چھڑ چکی، کچھ نے کم تعداد کی وجہ میچ کے ورکنگ ڈے پر آغاز کو قرار دیا۔بہت سے شائقین کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیزن کا آغاز برسبین سے ہونا چاہیے،پرتھ میں ایک بڑا میچ ہونے کے باوجود نشستوں کا خالی رہنا مایوس کن ہے۔دریں اثنا آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر پاکستان کے خلاف میچز کی صورت میں اپنی الوداعی سیریز کھیل رہے ہیں، انھوں نے پرتھ میں پہلی اننگز کے دوران شاندار سنچری بنائی تاہم دوسری باری میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔مقابلے سے قبل سابق فاسٹ بولر مچل جونسن نے ریڈ بال کرکٹ میں بْری فارم کے حامل وارنر کی سلیکشن اور بال ٹیمپرنگ میں ملوث رہنے کے باوجود اسٹارز جیسی الوداعی سیریز پر شدید تنقید کی تھی، بہت سے سابق کرکٹرز جونسن کی بات سے اتفاق کرتے ہیں، جمعرات کو میچ کے ابتدائی روز وارنر کی سنچری کا شائقین کی جانب سے کوئی جشن نہیں منایا گیا تھا۔سابق کرکٹر سائمن اوڈونل نے کہاکہ مجھے ایک سابق ساتھی نے میسج کیا کہ وارنر جب سنچری پر پہنچے تو کسی نے تالی تک نہیں بجائی، اوپنر کو دیار غیر اور خاص طور پر انگلینڈ و بھارت میں ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ اچھا ریکارڈ نہ ہونے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، کہا جارہا ہے کہ اگر بڑے حریفوں سے ڈرنے اور کمزور کو ڈرانے والے کھلاڑیوں کا کوئی ہال آف فیم ہوتا تو وارنر اس میں شامل ہونے والے پہلے پلیئر ہوتے۔